چیف جسٹس کے نامزد کردہ 5ججزکے نام کثرت رائے سے مسترد

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں چیف جسٹس کے نامزد ججز کے نام کثرت رائے سے مسترد کردیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کیلئے چیف جسٹس کی جانب سے نامزد کئےگئے 5 ججز پر جوڈیشل کمیشن کے ارکان میں اختلاف رائے سامنے آیا جس کے بعد جوڈیشل کمیشن کے ممبران میں ووٹنگ کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے نامزد ججوں کے خلاف 5 ووٹ آئے، 5 ووٹ مخالفت میں آنے پر اجلاس کچھ کہے بغیر ختم کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس قاضیٰ فائز عیسیٰ، جسٹس طارق مسعود، اٹارنی جنرل، اور وزیر قانون نے مخالفت میں ووٹ دیا،سندھ کے 2 ججز سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی نے بھی مخالفت میں ووٹ دیا۔ ذرائع کے مطابق چار کے مقابلے میں 5 ووٹ مخالفت میں آنے پر اجلاس ختم کردیا گیا۔