پرویز الٰہی کے حلف لینے پر رانا ثنا اللہ کی ہوائیاں اڑ گئیں،مونس الٰہی

29 جولائی ، 2022

لاہور (جنگ نیوز)مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ رانا ثنا صاحب! پرویز الٰہی کو حلف لیے 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے اور آپ کی ہوائیاں پہلے ہی اُڑ گئی ہیں۔جیو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں مونس الٰہی نے کہا کہ گورنر راج کے بارے میںاحمقانہ بیان دینے سے پہلے آئین پڑھ لیں۔ (ق) لیگ کے رہنما نے کہا کہ ابھی تو ماڈل ٹاؤن میں جو قتل عام آپ نے کیا تھا اس کا حساب دینا ہے۔ اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری بیان میں مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ اللّٰہ پاک کے فضل سے ایک مشن پورا ہوگیا اب دوسرے مشن کے لیے تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان شاء اللّٰہ عمران خان کو واپس وزیر اعظم کی کرسی پر لے کر آئیں گے۔