جماعت اسلامی کے سوا عوام کی خدمت کا ایجنڈا کسی کے پاس نہیں ، شیخ عقیل

29 جولائی ، 2022

میرپور(پ ر) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے قائم مقام امیر شیخ عقیل الرحمٰن ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے سوا عوام کی خدمت کا ایجنڈا کسی کے پاس نہیں جماعت اسلامی کے کارکن بلدیاتی انتخابات کو چیلنج سمجھ کر اتریں،جماعت اسلامی نے کشمیرکی آزادی عوامی خدمت اور تعلیم کے میدان میں کار ہائے نمایاں سر انجام دئیے ہیں جماعت اسلامی کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کو ختم کرکے امانت،دیانت اور خدمت کرنے کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے،حکومت آزاد کشمیر کے پی کے طرز کے بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے قانون سازی کرے،بلدیاتی انتخابات کو صاف،شفاف اور غیر جانبدارنہ طریقے سے کرانے کے لیے الیکشن کمشنر ترقیاتی منصوبہ جات کے اعلانات پر پابندی عائد کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع میرپور کے زیر اہتمام ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،قائمقام امیر ضلع مولانا اسماعیل سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے ہم اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ اللہ کے بندے قرآن کے ساتھ وابستہ ہو جائیں دین کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے یہ کام ہم اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کے لیے کررہے ہیں۔