15 ویں ترمیم آزاد کشمیر اور پاکستان کے تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے، شاہ غلام قادر

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے 15ویں ترمیم کو آزاد کشمیر اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بے شمار چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں وکلاء برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آئین و قانون کی پاسداری اور استحکام پاکستان کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کریں، پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر لائرز ونگ راولپنڈی کے عہدیداران نے ان سے گزشتہ روز ملاقات کی ۔ ملاقات میں لائرز ونگ کے عہدیدارن نے وکلاء برادری کیطرف سے نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کو مبارک باد پیش کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم محمد نوازشریف کے ویژن اور محمد شہبازشریف کی ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف و میرٹ کی بحالی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت ریاستی قوانین کو بالائے طاق رکھ کر آزاد کشمیر میں ذاتی اور مالی مفادات کیلئے ٹور ازم اتھارٹی کا قیام چاہتی ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کسی کو آزاد کشمیر کے خوبصورت جنگلات کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں وکلاء کو یقین دلایا کہ 15ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آزاد کشمیر کے سٹیٹس یا مالیاتی خود مختاری پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے15ویں ترمیم کو آزاد کشمیر اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ایشوز پر پوری جماعت اور آزاد کشمیر کے غیور عوام یک زبان ہیں اگر کسی بھی آئینی ترمیم کے ذریعے آزاد خطہ کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کرینگے۔