پاکستان یاسین ملک کی رہائی کیلئے کیس دائر کرے ، جبار منہاس

29 جولائی ، 2022

میرپور( جنگ نیوز) تحریک انصاف میرپور کے جنرل سیکرٹری جبار احمد منہاس ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے پاکستان بھارت کیخلاف عالمی عدالت میں یاسین ملک کی رہائی کیلئے کیس دائر کرے یاسین ملک کو بھارت کی بدنام تہاڑ جیل میں قتل کرنے کی مکمل پلاننگ ہو چکی ہے ۔ حریت پسندکو جھوٹے مقدمے میں سزا پر تہاڑ جیل میں بند کر رکھا ہے اور بھارتی عدالتوں میں کشمیری حریت پسند یاسین ملک کے خلاف ربیعہ قتل کیس کے نام سے چلایا جا رہا ہے لیکن ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔ اور نہ ہی عدالت میں صفائی کا موقع دی جا رہا ہے ۔ میرپور میں پریس نمائندگان سے خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت یاسین ملک سمیت دیگر سینکڑوں کشمیری قیدیوں کو انسانی حقوق فراہم کرنے سے انکاری ہے ۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ ، سمیت انسانی حقوق کے عالمی ادارے ان کی داد رسی کو تیار نہیں وہ بھارت کے مکروہ مقاصد میں ان کے برابر کے شریک ہیں ۔ دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری آباد ہیں وہ سوشل میڈیا کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو بیدار کریں ۔