5اگست کو کشمیری یوم استحصال اور یوم سیاہ منائیں گے،حریت کانفرنس

29 جولائی ، 2022

سری نگر(کے پی آئی)05اگست کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون آرٹیکل370 کے خاتمے کے چار سال مکمل ہوجائیں گے ۔ اس دفعہ کشمیری عوام 05اگست کو یوم استحصال، یوم سوگ اور یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے،5اگست2019 سےاب تک خواتین اور بچوں سمیت600 کشمیری شہید ہوگئے، کشمیری عوام دنیا بھر میں اس روز احتجاجی مظاہرے کریں۔ اس بات کا فیصلہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ 5 اگست کو بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں اور تحریک آزادی کو اجاگر کریں اورمقبوضہ کشمیرمیں میں بھارتی جرائم کو بے نقاب کریں۔ حریت کانفرنس نے کشمیریوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اس دن احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائیں۔ ترجمان حریت نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی مسلسل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گا۔