بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ،وفاق بھر پور معاونت کرے،قدوس بزنجو

29 جولائی ، 2022

کراچی (خ ن)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بلوچستان میں بارشوں کی صورتحال نقصانات امداد و بحالی کے اقدامات اور وفاقی حکومت کی معاونت سے متعلق امور کا اعلیٰ سطحی جائیزہ منعقد ہوا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بزریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی اجلاس میں بلوچستان میں حالیہ سیلابی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بحالی اور ریلیف کے اقدامات اور ریسکیو آپریشن پر بات چیت کی گئی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت طوفانی بارشوں سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے وفاق کی بھرپور معاونت درکار ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج بھرپور انداز سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں بڑی تعداد میں سیلاب میں پھنسے خاندانوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے وزیراعلی نے کہا کہ آفت اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ اضلاع کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے امدادی کارروائیوں کو تیز کیا گیا ہے چیف سیکریٹری روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرکے متعلقہ اداروں سے بریفنگ لے رہے ہیں جبکہ میں خود بھی تمام صورتحال کی نگرانی کر رہاہوں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں قدرتی آفت کا سامنا تھا جہاں پر ہم نے متاثرین کی بھرپور انداز سے مالی معاونت کی اور بحالی کے اقدامات میں صوبائی حکومت نے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ سیلابی بارشوں نے بجلی اور مواصلاتی نظام کو درہم برہم کر دیا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ وفاق بلوچستان کو اپنی بھر پور معاونت فراہم کرے تاکہ متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رہے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موجودہ صورتحال میں حکومت بلوچستان کے اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے وفاق کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی وزیراعظم نے اس موقع پر وفاقی سطح پر ایک کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بھی کیا جو متاثرہ اضلاع کا دورہ کرکے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔