زیارت آپریشن کی تحقیقات کیلئے جسٹس ایاز سواتی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، قدوس بزنجو

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ(این این آئی/آن لائن) بلوچستان کے ضلع زیارت میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مارے جانے والے افراد کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا گیا، جمعرات کو محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق زیارت آپریشن میںمارے جانے والے افراد کی تحقیقات کے لئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعجاز سواتی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کردیا گیا ہے کمیشن 30روز میں زیارت آپریشن میں مارے جانے والے افراد کے مسنگ پرسنز ہونے یا نہ ہونے کا تعین کر کے اپنی رپورٹ پیش کریگا۔ واضح رہے کہ زیارت میں پاک فوج کے کرنل لئیق اور انکے کزن کے اغواء وقتل کے بعد زیارت میں آپریشن کیا گیا تھا جس میں 9افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے پانچ کے لواحقین نے الزام عائد کیا کہ یہ افراد لاپتہ تھے اور انہیں مبینہ طور پر جعلی مقابلے میں مارا گیا ہے اس حوالے سے کوئٹہ کے ریڈزون کے باہر فیاض سنبل چوک پر احتجاجی دھرنا بھی گزشتہ کئی روز سے جاری ہے ۔