ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنا ہونگے، کوئی باہر سے نہیں آئیگا، لیاقت بلوچ

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی کہیں سے نہیں آئے گا اپنے مسائل ہم نے خود ہی حل کرنے ہوں گے جس کے لئے کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارئے معاشی حالات آئی ایم ایف ، ایف اے ٹی ایف کے رحم و کرم پر ہیں ، آئی ایم ایف کی بدترین شرائط تسلیم کرکے ہر حکومت الزام پچھلی حکومت پر لگادیتی ہے مگر یہ نظام اب مزید نہیں چلے گا ، پورا ملک پانی میں ڈوبا ہوا ہےاورحکمران اقتدار کے حصول کے لئے آپس میں دست و گریباں ہیں ،کوئٹہ شہر بلوچستان کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سیاسی ، سماجی اور اقتصادی اعتبار سے اہم ترین شہر ہونے کے باوجود مسائل کی آماجگاہ ہے ، جماعت اسلامی کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور کردار ادا کرے گی ،2 اگست کو کوئٹہ کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز کو عملی شکل دینے کے لئے کنونش کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کوئٹہ چارٹر پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں جماعت اسلامی کوئٹہ کے زیراہتمام کوئٹہ کے سلگتے مسائل اور ان کا حل کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ، ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نور علی ، صدر جے ٹی آئی یوتھ بلوچستان نقیب اللہ اخوانی ، جمعت طلباء عربیہ کے حافظ بخت اللہ کاکڑ ، تعمیر نو ٹرسٹ کے ممبر و پاکستان انجینئرنگ فورم کے نائب صدر انجینئر غلام عثمان بابئی ، ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا ، اسلامی جمعیت طلباء کوئٹہ کے ڈاکٹر احسان اللہ ، جنرل سیکرٹری صراف ایسوسی ایشن نعیم رمضان صراف ، تاجر رہنماء حاجی عصمت اللہ ، عمران ترین ، ہدایت اللہ اچکزئی ، صدر الخدمت کوئٹہ عبدالمجید سربازی ، نصیب اللہ درانی ، چیئرمین گرین پاکستان عبدالہادی خان کاکڑ ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سیاسی ، سماجی اور اقتصادی اعتبار اہم ترین شہر ہے جس کی حیثیت کسی بھی اعتبار سے کراچی ، لاہور اور پشاور سے کم نہیں مگر اس کے باوجود یہ شہر گوناگوں مسائل میں گھرا ہوا ہے یہاں عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، شہر میں ٹریفک کا نظام تباہ ، تعلیم کے مسائل ، نوجوان بے روزگار ، مواصلاتی نظام درہم برہم ، اداروں کے درمیان رابطوں کا فقدان ، نکاسی آب کے مسائل سمیت شہر کی ترقی کے لئے کوئی موثر منصوبہ بندی نہیں یہ مسائل صرف کوئٹہ کے ہی نہیں بلکہ ملک کے دوسرئے شہروں کے بھی ہیں ، انہوں نے کہا کہ شہر میں اگر ٹریفک کا نظام ابتر ہو ، لوگ ٹریفک میں گھنٹوں پھنس رہیں تو اس سے فضاء اور انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ وقت بھی ضائع ہوتا ہے ، شہر میں سڑک یا تو سرے سے بنتے ہی نہیں اور اگر بن جائیں تو پھر ان کی توڑ پھوڑ شروع ہوجاتی ہے ، محکموں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جس سے عوام میں یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ ان کے پیسے کرپشن کی نذر ہورہے ہیں کوئٹہ میں صفائی کا نظام انتہائی ابتر ہے جس کا اثر براہ راست پورے معاشرے پر پڑتا ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کوئٹہ کے شہریوں کے مسائل کے حل کی نہ صرف بھرپور حمایت اور تائید کرتی ہے بلکہ ان کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل ہوں گے تو معاشرے میں اطمینان کی فضا پیدا ہوگی ،نظام کو چلانے کے لئے لوگوں کو مطمئن ، حق دینے سمیت ان کے مسائل حل کرنا ہوں گے اگر ایسا نہیں ہوگا تو لوگوں کے ذہنوں میں باغیانہ جذبات پیدا ہوں گے نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں اگر ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور انہیں سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی تو اس کا مطلب ہے کہ ہم اپنے مستقبل کو تاریک کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جب ملک میں حکومت اور نظام باعتماد نہ ہوں ، حکومتوں کی تبدیلی کے لئے آئین موجود ہے مگر الیکشن کمیشن پر اعتماد نہ کیا جائے اور کرسی کے لئے جمہوریت کا گلہ گھونٹا جائے تو ایسے ہی مسائل درپیش ہوتے ہیں جن کا آج ہمیں سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارئے جمہوریت کی نرسری ہوتے ہیں مگر یہاں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے نہیں دیا جارہا بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ اب تک اختتام کو نہیں پہنچ سکا جبکہ آخری مرحلے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کے فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں ان تمام مسائل کا واحد حل صاف و شفاف انتخابات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کوئٹہ کو ترقی دینے کے لئے خادم کی حیثیت سے کردار ادا کرے گی ، گوادر میں جماعت اسلامی کے رہنماء مولانا ہدایت الرحمٰن نے عوام کو تحریک کے ذریعے بیدار کیا اور کراچی میں مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی صف اول کا کردار ادا کررہی ہے ۔