انٹربینک میں ڈالر مزید مہنگا، 239روپے سے بھی بڑھ گیا

29 جولائی ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔بدھ کے روز بھی کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 236.02 روپے پر بند ہوا۔جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ڈالر ایک روپے 98 پیسے اضافے سے 238 روپے کا ہوگیا۔انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر اب تک مجموعی طور پر 3.48 روپے مہنگا ہوچکا ہے جس سے ایک ڈالر کی قیمت 239.50 روپے ہوگئی ہے۔انٹربینک میں رواں ماہ اب تک ڈالر کی قیمت میں 35.15 روپے اضافہ ہوچکا ہے۔دوسری طرف پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک دن میں ریکارڈ 8500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی قیمت میں حالیہ اضافہ نہ صرف ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے بلکہ اس کے بعد گولڈ پرائس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو فی تولہ سونے کی قیمت 8500 روپے بڑھ کر 160500 روپے رہی۔ 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 7288 روپے اضافے کے ساتھ 137603 روپے رہی۔