وڈھ ،آڑنجی ،سارونہ میں بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، اسد مینگل

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ(پ ر)بی این پی کے رہنما سردار اسد جان مینگل نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے وڈھ ،آڑنجی ،سارونہ کے علاقے میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں صرف زبانی جمع خرچ کی بجائے متاثرین کی عملی طور پر امدادکو یقینی بنائیں تاکہ مزید کوئی انسانی المیہ جنم لینے سے بچا جاسکے۔ ایک بیان میں سردار اسد جان مینگل نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے وڈھ کے علاقوں آڑینجی، سارونہ میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیںجبکہ آڑنجی ،سارونہ اور شاہ نورانی میں 200سے زائدمکانات گر گئے ہیں اور لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچاو بند سمیت 300 سے زاِئد ایکٹر پر مشتمل زرعی زمین سیلابی پانی کی نذر ہوچکی ہیںہے ، کئی ٹیوب ویلز کے سولر پینلز بھی تباہ ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وڈھ ،آڑنجی ،سارونہ اوردیگر بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں تاحال کوئی امدادی ٹیمیں نہیں پہنچی ہیں ، وفاقی اور صوبائی حکومتیںمتاثرین کوخیمے ،راشن اوردیگرسازو سامان فراہم کریں۔