پارٹی آئین میں پالیسی ساز آئینی ادارے معلوم اور واضح ہیں، پشتونخوا میپ

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ(آن لائن)پشتونخوا میپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری مختیار خان یوسفزئی نے وضاحت میں کہا ہے کہ 23جولائی کو ایک بیان شائع ہوا جس میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں وطنی، ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر پشتونخوا میپ کی جو بھی پالیسی ہوگی وہ پارٹی کے چیئرمین ہی بیان کریں گے اور ان کی کابینہ ہی پالیسی ہوگی لہذا واضح کیا جاتا ہے کہ مذکورہ بیان دراصل پارٹی آئین کے ساتھ متصادم ہے اورگمراہی کو فروغ دیتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پارٹی آئین میں پالیسی ساز آئینی ادارے معلوم اور واضح ہیں جو قومی کانگریس، قومی جرگہ اور مرکزی کمیٹی پر مشتمل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پارٹی چیئرمین قابل قدر اور ان کا تہہ دل سے احترام کرتے ہیں لیکن پارٹی اداروں کا واضح کردہ پالیسی بیان کرنے کا فریضہ پارٹی کی سطح کا عہدیدارانجام دے سکتا ہے۔