پنجگور میں دست اور قے کے مریضوں کی تعداد بڑھنے سے گیسٹرو کا خطرہ

29 جولائی ، 2022

پنجگور(نامہ نگار) دست اور قے کے مریضوں کی تعداد بڑھنے سے گیسٹرو کا خطرہ پیدا ہوگیا ، روزانہ سیکڑوں بچے بزرگ اور خواتین ہسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں، ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں ایک دن میں 100 کے قریب مریض لائے گئے ہیں جنہیں دست اور قے کی شکایت تھی، ڈاکٹروں نے پنجگور میں گیسٹرو کا خطرہ ظاہر کردیا ہے، ٹیچنگ ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی درپیش ہے، مشکلات کا ازالہ کیلئے عوامی حلقوں نے ضلع پنجگور میں گیسٹرو کی وباء کے خطرے کے پیش نظر ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں ڈاکٹر اور ادویات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرین کی مشکلات کم نہیں ہوسکی ۔ ٹیچنگ ہسپتال سمیت دیگر سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں روزانہ مریض ہسپتال لائے جارہے ہیں جن میں بچے بوڈھے خواتین شامل ہیں لیکن ٹیچنگ ہسپتال پنجگور خدابادان 50 بیڈ ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اگر خدانخواستہ وباءنے شدت اختیار کی اور مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی گئی تو ہسپتالوں کی موجودہ صورتحال اور ڈکٹروں کی کمی سے انسانی المیہ جنم لینے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ۔عوامی حلقوں نےفوری طور پر پنجگور کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹر ز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔