بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی تعلیمی اداروں میں فوڈسیفٹی سےمتعلق آگاہی مہم

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ ( خ ن ) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے نجی اور سرکاری اسکولوں و کالجز میں اساتذہ و طلباء کو فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور معیاری و محفوظ خوراک کے حصول سے متعلق خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔ مہم کے تحت بی ایف اے حکام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں اور اساتذہ کو حفظان صحت کے بنیادی اصولوں و صحت بخش خوراک کا حصول ممکن بنانے سمیت فوڈ سیفٹی کےمختلف امور کے بارے میں لیکچرز دیں گے۔ مہم کے پہلے روز بی ایف اے حکام نے "گورنمنٹ سینٹرل ٹیکنیکل سیکنڈری اسکول کوئٹہ" کے اساتذہ اور طلباء کو آگاہی فراہم کی ۔ اساتذہ نے بی ایف اے کی جانب سے خوراک سے متعلق خصوصی آگاہی مہم کے آغاز کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ آگاہی مہم سے نا صرف طلباء بلکہ اساتذہ بھی حفظان صحت کے اصولوں کے بارے میں بہت کچھ سیکھیں گے اور فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بی ایف اے کی ناقص و غیر صحت خوراک کی فراہمی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں سول سیکرٹریٹ کوئٹہ کی 2 کینٹینز ، 3 جوس کارنرز ، 3 ملک شاپس سمیت 10 ، تربت میں 6 مصالحہ شاپس سمیت 12 جبکہ ضلع شیرانی میں 2 متفرق کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق مراکز کے خلاف مختلف وجوہات صفائی کے ناقص انتظامات ، ملاوٹ کے استعمال و فروخت اور زائد المعیاد و ممنوعہ اشیاء کی فروخت پر کارروائیاں کی گئیں ۔