اساتذہ کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے ‘ مجیب اللہ غرشین

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)جی ٹی اے آئینی بلوچستان نے 18جولائی سے پرامن احتجاج شروع کر رکھا ہے بدقسمتی سے حکومت کو احساس ہی نہیں کہ اساتذہ کے جائز مطالبات پرعملدرآمد کرے،یہ بات گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے صدر حاجی مجیب اللہ غرشین نےگورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئینی) بلوچستان کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں کوئٹہ پریس کلب کے باہربھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہی، کیمپ 11ویں دن بھی جاری رہا ،حاجی مجیب اللہ غرشین نے کہاکہ ہمارے تمام مطالبات جائز ہیں انکے منٹس بھی جاری کئے جاچکے ہیں 6جنوری کو وزیراعلیٰ بلوچستان نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمری کمیٹی کو بھیج دی لیکن دو تین اساتذہ ،تعلیم و طلباء دشمن بیورو کریٹس کی بے حسی اور ہٹ دھرمی سے سات ماہ گزرنے کے باوجود میٹنگ نہیں کررہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 2اگست تک اساتذہ کے مطالبات پر عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر3اگست کو کوئٹہ میں بلوچستان بھر کے اساتذہ احتجاجی مظاہرہ و جلسہ کے بعد صوبائی قائدین تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے ۔