ادارہ برائے بحالی مریضان میں مبینہ کرپشن کا نوٹس لینے کا مطالبہ

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ( پ ر) ایپکا بلوچستان کے صوبائی صدر داد محمد بلوچ جنرل سیکرٹری حاجی عبداللہ خان صافی سینئر نائب صدر حاجی اصغر بنگلزئی اور صوبائی ترجمان غلام سرور مینگل نے بیان میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ذیلی ادارہ برائے بحالی مریضان انسداد منشیات کے ایک افسر کی مبینہ طور پر کرپشن اور ما تحت ملازمین کو بلا جواز تنگ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قوم پرست جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کی جانب سے مذکورہ افسر کی حمایت میں بیان جاری کرنا باعث حیرت ہے حالانکہ بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو صوبے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر آواز بلند کرنا چاہئے نہ کہ ان کی حمایت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی جا رہی ہیں جن کی تحقیقات ضروری ہے ایپکا کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ادارے میں ڈھائی سو سے زائد مریضوں کے علاج و معالجے کی گنجائش ہے لیکن 80کے قریب مریضوں کو برائے نام طور پر طبی امداد دیکر ماہانہ بھاری رقم کرپشن کی نذر کی جا رہی ہے ۔انہوں نے ا نسداد بد عنوانی کے اداروں سے اپیل کی کہ مذکورہ افسر کی کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے ا دارے کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔