بارشوںسے متاثرہ علاقوں میں ٹیلیفون سروس بحال

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ(پ ر) پی ٹی سی ایل اور یوفون نے فوری کوششوں سے بلوچستان اور سندھ کے کچھ حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے اپنے نیٹ ورک کو ریکارڈ وقت میں بحال کرلیا ہے۔ طوفانی بارشوں نے ان علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑا نقصان پہنچایا، جس سے نیٹ ورک کی بروقت بحالی میں شدید مشکلات درپیش تھیں ، تاہم، پی ٹی سی ایل اور یوفون کی ٹیمیں اپنے صارفین کو ہمہ وقت رابطے میں رکھنے کے اپنے عزم پر پورا اترنے میں کامیاب رہیں۔سندھ، خاص طور پر کراچی اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہونے والی بارشوں کو ماضی قریب میں ہونے والی مون سون کی شدید ترین بارشوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے ، جن کے نتیجے میں سیلاب سے سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا اور کاروباری شعبے کو بجلی کے بہت بڑے بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں اور پلوں کے ساتھ بچھائی گئی پی ٹی سی ایل کی فائبر آپٹیک کیبل بھی متعدد مقامات پر سیلاب کی زد میں آ گئی۔ملک کے شمالی اور وسطی حصوں میں بھی شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا رہا، جہاں ایکسچینج اور نیٹ ورک نوڈز پانی میں ڈوب گئے، جس کی وجہ سے نیٹ ورک متاثر ہوا۔ بلوچستان کا مکران ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں سڑکیں اور پل، بجلی کی ترسیلی لائنوں اور پی ٹی سی ایل کے آپٹک فائبر نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچا۔ اس صورتحال کی بدولت پی ٹی سی ایل اور یوفون کی فیلڈ ٹیموں کو اپنے صارفین کو ہمیشہ رابطے میں رکھنے کے اپنے عزم پر پورا اترنے کا بہت بڑا چیلنج درپیش تھا۔پاکستان کی قومی اور اہم ترین ٹیلی کام کمپنی کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل گروپ نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں اپنی ٹیمیں تعینات کر کے آپٹیکل فائبر کیبل کو ایک عارضی سہولت کے ذریعے جزوی طور پر بحال کردیا تاکہ ممکنہ طور پر بہتر سے بہتر طریقے سے روزمرہ اور کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔