پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ افراد ہیپاٹائٹس سی اور پچاس لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی کا شکار

29 جولائی ، 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ہر سال عالمی سطح پر28 جولائی کو ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد ہیپاٹائٹس اور اِس کی وجوہات، ہیپاٹائٹس کی تشخیص اور اس کے علاج اور خاتمے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ معاشرے میں شعور پیدا ہو اور اِس کا باعث بننے والی وجوہات کا تدارک کیا جا سکے۔ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان ہیپاٹائٹس ʼسی میں دنیا کے دوسرے نمبر پر ہے ۔ ہیپاٹائٹس دنیا بھر میں بہت بڑا چیلنج ہے اور پاکستان میں سالانہ پانچ لاکھ اموات کا سرا کہیں نہ کہیں ہیپاٹائٹس سے جا ملتا ہے، اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ افراد ہیپاٹائٹس سی اور پچاس لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی کا شکار ہیں۔ اس مرض کے پھیلائو کی رفتار حیران کن ہے یعنی ملک بھر میں ہر سال پانچ لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اس مرض کا دوسرا بڑا شکار پاکستان ہے۔