طلباء مطالعہ وسیع،اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں ،ڈی سی قلات

29 جولائی ، 2022

قلات (خ ن) ڈپٹی کمشنرقلات کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ طلباء ہمارے مستقبل کے معمار ہیں طلباء اپنا مطالعہ وسیع کریں اور بہترین تعلیم حاصل کرکے اپنے ملک وقوم کانام روشن کریں۔ تعلیم اور تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرقلات جہانزیب بلوچ کے ہمراہ پبلک لائبریری قلات کے دورے کے موقع پر کیا جہاں اسسٹنٹ لائبریرین جہانزیب مینگل نے ڈپٹی کمشنرکو پبلک لائبریری کادورہ کرایا ڈپٹی کمشنرنے مطالعہ کرنے والے طلباء سے ملاقات کی اور لائبریری اسٹاف سے درپیش مسائل پوچھے اسسٹنٹ لائبریرین جہانزیب بلوچ نے ڈپٹی کمشنرکو لائبریری میں فیمیل طلباء کیلئے اضافی کمرہ فرنیچر کی فراہمی لائبریری میں سائیکل اسٹینڈ کی تعمیرلائبریری کے لیپ ٹاپس کی مرمت واٹرکولر اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا ڈپٹی کمشنر نے ان تمام مسائل کو جلدازجلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مطالعے سے طلباء و طالبات کے ذہنی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور مطالعہ سے انسانی شعور پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ طلباء وطالبات کثیر تعداد میں لائبریری کا رخ کررہے ہیں انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیاکہ ضلع کے طلباء مقابلے کے امتحانات کی تیاری میں نہایت سنجیدگی سے حصہ لے رہے ہیں اور یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے ضلع کے امیدوار بڑی تعداد میں کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں ۔