سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آمد ورفت کی بحالی پہلی ترجیح ہے،کمشنر نصیرآباد

29 جولائی ، 2022

ڈیرہ اللہ یار (نامہ نگار) کمشنر نصیرآباد فتح محمدخان خجک نے کہاہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آمدورفت کی بحالی پہلی ترجیح ہے امدادی سامان کی ترسیل اور سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے گنداواہ، نوتال شاہراہ کی بحالی سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں پاک آرمی، اور تمام ضلعی آفیسران امدادی کاموں میں مصروف ہیں گنداواہ و گردونواح میں سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان راستہ نہ ہونے کے باعث میرپور میں رکھوادیا گیاہے جسے کشتیوں کے ذریعے پہنچانے کے لئے بندوبست کیاجارہاہے ان خیالات کااظہار انھوں نے سیلاب سے متاثر ہونے والی گنداواہ نوتال شاہراہ کی مرمت کا معائنہ کرنے کے دوران جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا فتح خان خجک نے کہاکہ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی صوبے میں سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں گنداواہ، جھل مگسی سمیت گردونواح کے سیلاب متاثرین کے لئے چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایات پر پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سامان پہنچ گیا تاہم زمینی رسائی نہ ہونے کے باعث اسے میر پور میں رکھوادیا گیا سیف آباد و گردونواح میں فضائی ریلیف آپریشن کے ذریعے امدادی سامان تقسیم کیا گیا انھوں نے کہاکہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ذرائع آمدورفت درہم برہم ہوگئے ہیں جس سے امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامناہے تاہم پاک فوج کے ساتھ مل کر ضلعی انتظامیہ سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو اور امدادی سامان پہنچانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے تمام ڈپٹی کمشنرز سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے اقدامات یقینی بنائیں۔