پچ میں مسئلہ نہیں تھا، ہماری پارٹنرشپ نہ لگ سکیں،بابر اعظم

29 جولائی ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اسپن بولنگ کے لئے سازگار پچ پر نسیم شاہ نے جس طرح کی بولنگ کی ہے اور اس سیریز کا مثبت پہلو ہے وہ ہر میچ کے بعد امپروو کررہا ہے۔ نسیم شاہ نے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ ٹیل اینڈرزبھی بیٹنگ میں کردار ادا کررہے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں ہماری پارٹنرشپ نہیں لگ سکی۔ میرے ساتھ امام اور رضوان نے شراکت قائم کی لیکن سری لنکا نے اپنی کنڈیشن میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہیں جیت کا کریڈٹ دیتا ہوں۔ جمعرات کو میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہلکی بارش کے بعد وکٹ سے اسپنرز کو مدد ملی لیکن پچ میں مسئلہ نہیں تھا۔ بیک ٹو بیک وکٹیں گرنے سے پریشر آیا۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں کنڈیشنز آسان نہیں تھیں لیکن یہاں اچھا بھی ہوا اور برا بھی ہوا۔ جے سوریا کو کریڈٹ دینا چاہیے جنہوں نے شاندار بولنگ کی۔ اب فوکس نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز پر ہو گا، کوشش ہوگی کہ خود کو مختصر وقت میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مطابق ڈھالیں۔ سری لنکن اسپنرز نے شاندار بولنگ کرکے ہمیں دباؤ میں رکھا، جے سوریا کو کریڈٹ دینا چاہیے جنہوں نے عمدہ بولنگ کی۔ ٹیسٹ سیریز میں ہم نے مثبت کھیل پیش کیا کوشش ہوگی کہ اسی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں۔