سری لنکا کیخلاف پاکستان نے پہلی اننگز میں غلطیاں کیں،شاہد آفریدی

29 جولائی ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں بہت غلطیاں کیں، پاکستان ٹیم اچھی ہے اور توقع ہے کہ ایشیا کپ و عالمی کپ میں اچھے نتائج دیں گے ۔ وہ جمعرات کو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت ٹی ایم سی گراؤنڈ،گلبرگ میں سمر کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان میرے پاس اوپننگ کیلئےاحمد شہزاد سے بہتر کوئی آپشن نہیں تھا۔ مجھے احمد شہزاد کی بیٹنگ پسند تھی ۔مجھے انہیں بہت زیادہ سپورٹ کرنے، چانسز دینے سے متعلق کئی بار تنقید سننا پڑی۔ میرا ان کو صرف یہی مشورہ ہے کہ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں اور اپنی فیملی کے ساتھ اچھی زندگی گزاریں ، اسے انجوائے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے اس شہر کے ساتھ بہت زیادتی کی، پورے شہر میں پانی کھڑا ہے ، اگر کوئی سیاسی جماعت خدمت کی سیاست کرنا چاہتی ہے تو میں ان کے ساتھ ہوں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کیمپ میں کرکٹ کی تربیت کے لیے 900 کے لگ بھگ بچے آئے۔