تیلگو فلم انڈسٹری کے پروڈیوسرز کا فلموں کی شوٹنگ بند کرنیکااعلان

29 جولائی ، 2022

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے پروڈیوسرز نے یکم اگست سے فلموں کی شوٹنگ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔جنوبی ریاست آندھرا پردیش اور تنلگانہ میں 8 کروڑ سے زائد افراد تیلگو زبان بولتے ہیں، تیلگو زبان میں بنائی جانے والی فلمیں نا صرف جنوبی بھارت بلکہ پوری دنیا میں مقبول ہے۔تیلگو فلم انڈسٹری کے پروڈیوسرز کی نمائندہ تنظیم تیلگو پروڈیوسرز گلڈ نے یکم اگست سے تمام فلموں کی شوٹنگ روک دینے کا اعلان کیا ہے۔“تیلگو پروڈیوسرز گلڈ” کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء کے بعد فلموں کے بجٹ میں اضافے اور گھروں سے ہونے والی آمدنی میں کمی کی وجہ سے تیلگو فلم انڈسٹری کی از سر نو تنظیم سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء کے بعد اپنی فلموں کو صحت مند ماحول میں ریلیز کرنا ہماری ذمہ داری ہے، عالمی وبا کے بعد بدلتے حالات کی وجہ سے آمدنی کم ہورہی ہے، اس لئے پروڈیوسرز کے لیے ان تمام مسائل پر بات کرنا ضروری ہوگیا ہے جن کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔گزشتہ کئی روز سے تیلگو فلم انڈسٹری کے پروڈیوسرز سینما ٹکٹس پر حکومتی ٹیکسوں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر فلموں کی ریلیز کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل پر غور کررہے ہیں۔فلم پروڈیوسرز کا ایک طبقہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر فلموں کی ریلیز پر تشویش کا شکار ہے۔فلم سازوں کا ماننا ہے کہ حکومت کی جانب سے سینما ٹکٹوں پر ٹیکس میں چھوt ملنی چاہیے تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سینما گھروں کا رخ کریں۔