وفاق بلوچستان کے متاثرین بارش کیلئے امدای پیکیج کا اعلان کرے،سینیٹر عبدالقادر

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (پ ر ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پٹرولیم وریسورسز سینیٹر محمد عبدالقادر نے ملک بھر سمیت بلوچستان میں طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں کے باعث جانی ومالی نقصانات پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا انسان کے بس کی بات نہیں اس پر صبروتحمل سے کام لیناہوگا موجودہ صورتحال پر حکومت کو متاثرین کی امداد وبحالی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں اوروسائل کو استعمال کرناہوگا، سب سے پہلے حکومتی مشینری سیلاب میں پھنسے افراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرے تاکہ ان کی زندگی کو خطرہ نہ رہے اس کے بعد متاثرین کیلئے خوراک فوری کاانتظام کیاجائے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت کے وسائل محدود ہیں اس سلسلے میں وفاق کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، مون سون بارشوں سے پورا بلوچستان متاثر ہوا ہے جانی ومالی نقصانات کے ازالہ کیلئے سروے کیاجائے اور متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کااعلان کیاجائے، انہوں نے کہاکہ بارشوں سے باغات اور فصلات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، زمینداروں کی سال بھر کی محنت سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکی ہے لہٰذا وفاق اور صوبائی حکومت زمینداروں کے نقصانات کے ازالہ کیلئے زرعی پیکیج کااعلان کرے۔ انہوں نے بارشوں اورسیلاب میں جاں بحق افراد کی مغفرت کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔