امیرالبحر کی زیر صدارت بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا انعقاد

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (وقائع نگار) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ کانفرنس کے دوران خطے کی جیو سٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں اور افسران و جوانوں کے بلند حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے میری ٹائم کے شعبے میں پاک بحریہ کی مختلف خدمات کو سراہا۔ انہوں نے میری ٹائم سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دیا جاسکے۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے دور دراز علاقوں اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کے دوران سول انتظامیہ کو ہرممکن مدد کی فراہمی پر فیلڈ کمانڈز کو بھی سراہا۔ کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔