حب ریور برج کی تعمیر نوڈیڑھ سال تک مکمل ہوگا

29 جولائی ، 2022

کراچی (اعجاز احمد،نمائندہ جنگ) کراچی کو صوبہ بلوچستان سے ملانے والے حب ندی پر قائم ’’حب ریور برج‘‘ کی تعمیر نو کی جائے گی، نیشل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) نےمنصوبے کی منظوری دے دی، جس پر فوری عمل درآمد کے لیے جلد ہی ٹینڈرزکئے جائیں گے، پل کی تعمیر کے لیے ایک سے ڈیڑھ سال کے عرصے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آر سی ڈی ہائی وے (این۔25)پر حب ندی سے گزرنے کے لیے 1962ءمیں مذکورہ پل تعمیر کیا گیا تھا، جو کافی مخدوش ہوچکا تھا اور حالیہ شدید بارشوں کے دوران حب ندی میں طغیانی کے سبب پیر 25جولائی کو پل کا ایک حصہ ٹوٹ گیا تھا، جس کے نتیجے میں کراچی سے بلوچستان کا زمینی راستہ کٹ گیا ہے۔این ایچ اے کے ترجمان کے مطابق حاثے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین این ایچ اےکیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے بھی حب ریور برج کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا۔ جب کہ پل کا متاثرہ حصہ گرنے سے قبل ہی اسے جمعہ 22جولائی کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا اور اسی لیے جب اس کا ایک حصہ ٹوٹا تو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پل کی مخدوش حالت کے پیش نظر گذشتہ دنوں این ایچ اے بورڈممبرز کے 304ویں اجلاس میں حب ریور برج کی تعمیر نو کی منظوری دی گئی، 600میٹر طویل اور 8.5میٹرچوڑے اس پل کو مکمل طور پر منہدم کرکے نئے سرے سے اس کی تعمیر کی جائے گی، جس کے لیے جلد ہی ٹینڈرز کئے جائیں گے ، منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک سے ڈیڑھ سال کے عرصے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس دوران حب بائی پاس کا متبادل راستہ استعمال کیا جائے گا۔