اپنی بات آج بھی قائم ،عمران خان کو ٹھکانے لگانا ہی ملک بچانے کا واحد راستہ ہے، ایمل ولی

29 جولائی ، 2022

پشاور(نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ عمران نیازی کو ٹھکانے لگانا ہی پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ ہے، تحریک انصاف والے ایف آئی آر درج کرنے کا شوق پورا کریں، ڈکٹیٹر اور آئین شکنوں کی اولاد ہمیں آئین اور قانون کی عملداری نہ سکھائے، ایک ڈکٹیٹر اور آئین شکن جنرل ایوب خان کے پوتے کی جانب سے قانون کی بالادستی کی باتیں اس نظام کے ساتھ مذاق ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے ان پر ایف آئی آر کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ پرامن جماعت کے دعویداروں نے 2014 میں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کی دیواروں پر شلواریں ٹانگی تھیں، ایف آئی آر کی درخواست دینے والے سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ گزرے کل میں آپ کا لیڈر کون تھا؟ آج کون ہے اور کل کون ہوگا؟ کسی بھی آئین شکن، غیرسیاسی اور کٹھ پتلی جماعت کی دھمکیوں سے عوامی نیشنل پارٹی کو ڈرایا نہیں جاسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایف آئی آر کا شوق پورا کرے لیکن آج بھی اس بات پر قائم ہو کہ عمران کو ٹھکانے لگانا ہی پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ ہے، انھو ں نے کہا کہ آئین شکن آمر کے پوتے نے نیازی کو مزید سکیورٹی دینے کی درخواست دی ہے،اسلام آباد پولیس،پختونخوا پولیس کے اہلکار،گلگت بلتستان کے 94 اہلکار لاڈلے کی حفاظت کیلئے کیا کم ہیں؟سفر کیلئے لاڈلے کو 23 اسلام آباد پولیس اور 5رینجرز افسران نیازی کی مزید سیکیورٹی دی جارہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ولی خان کا پوتا آپ کو دکھائے گا کہ عوامی حقوق اور سچ کی اس جنگ میں کس حد تک جاسکتے ہیں،آپ کے پیچھے کھڑے لوگ بھی ایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں،بیساکھیوں کے سہارے حکومت میں آنے والے آئین اور قانون کی بالادستی کی باتیں کررہے ہیں