FAC، بجلی قیمت میں 9.89 روپے یونٹ اضافہ، کراچی کیلئے 11.37 روپے

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کے مختلف علاقوں کے صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کاسٹ((FACکی مد میں بجلی قیمت میں 9.89روپے یونٹ اضافہ کردی ہےجبکہ یہ کراچی کیلئے یہ اضافہ 11.37روپے ہوگا،اطلاق لائف لائن شہریوں کے سوا تمام شہریوں پر ہوگا،کراچی کے صارفین سے جون کا ایف اے سی1.85فیصد زیادہ لیا جائیگا،جون کے بڑھائے گئے نرخ اگست میں وصول کئے جائینگے،نیپراکے فیصلے سے صارفین پر 133ارب روپے اضافی بوجھ پڑیگا،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے9.90روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے پوچھا کہ اگر بجلی کی پیداوار کیلئے ایل این جی نہ خریدی گئی تو کیا ملک میں لوڈشیڈنگ ہوگی اور حکومت کیا حکمت عملی اپنائے گی، جس پر سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ بجلی کی پیداوار کیلئے کوئلے کی فراہمی میں بہتری آئی ہے جبکہ گرڈ کو مستحکم رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، نیپرا حکام نے کہا کہ سی پی پی اے نے 10 ارب روپے سے زائد کی سابقہ ایڈجسٹمنٹ مانگیں جبکہ جون میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 88 کروڑ 81 لاکھ روپے اور ایل این جی کی قلت سے 37 کروڑ 69 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا، انکے مطابق جون میں بجلی کی پیداوار کیلئے مہنگے پاور پلانٹس چلائے گئے، نیپرا حکام نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ سسٹم کی مشکلات کے باعث نیپرا اربوں روپے کی کٹوتیاں کرچکا ہے، اگر یہ کوئی نجی ادارہ ہوتا تو کیا وہ اتنے پیسے کاٹنے دیتا، سندھ سے تعلق رکھنے والے نیپرا کے رکن رفیق شیخ نے کہا کہ ڈسکوز کے مقابلے میں این ٹی ڈی سی کی کارکردگی بدترین ہے، اتنی بری حالت کس کمپنی کی ہے جہاں لوگوں کے مرنے کا خدشہ ہو، وہ لوگوں کی شکایات سن سن کر تھک گئے ہیں کیونکہ این ٹی ڈی سی ایک مکمل تباہ حال ہے، ملک جتنا تباہ ہوا ہے اس میں این ٹی ڈی سی کا بہت بڑا کردار ہے، کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی جہاں ملک کے دیگر حصوں کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 9 روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے وہاں کراچی والوں کیلئے بھی بری خبر ہے کہ نیپرا نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 11 روپے37 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے،نیپرا میں کے الیکٹرک کی جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد اگست کیلئے کراچی صارفین سے بجلی کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کرنے کی منظوری دی جس سے کے الیکٹرک صارفین پر 22 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم نیپرا کی طرف سے اعداد و شمار کی مزید جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔ نیپرا کی منظوری کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، دوران سماعت کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ سی پی پی اے سے انہیں مہنگی بجلی ملی اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے بھی اثر پڑا ہے، نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ جون میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 66 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا ہے۔