حکومت کا بڑا یوٹرن ، لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی ختم

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دو ماہ بعد گاڑیوں ، موبائل فون اور گھریلو استعمال کی اشیاء کے علاوہ پرتعیش مصنوعات کی درآمد پر پابندی ختم کر دی جبکہ یکم جولائی کے بعد بندرگاہوں پر آنے والی پرتعیش درآمدی اشیاء کی کنسائمنٹس( ماسوائے گاڑیوں ، موبائل فون اور گھریلواشیاء) کو 25فیصد سرچارج کی ادائیگی پر کلیئر کرنے کی بھی اجازت دے دی، ای سی سی نے دو لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے سب سے کم بولی والے ٹینڈر کی منظوری دی گئی۔گندم کی خریداری کیلئے روسی حکام کیساتھ بات چیت کی گئی تھی۔ ای سی سی نے فاطمہ فرٹیلائز اور ایگری ٹیک پلانٹس کو مقامی گیس پر منتقل کرنے کی ہدایت کی جبکہ کمیٹی کی کھاد کیلئے متعلقہ وزارتوں کو گیس کی قیمت کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور پیٹرول اور ڈیزل کیلئے ڈیلرز کے مارجن کی نظرثانی تجویز کی منظوری بھی دے دی گئی ، ای سی نےپیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 7 روپے تک کر دیا ہے۔ ڈیلرز نے مارجن نہ بڑھانے پر ہڑتال کی دھمکی دی تھی، ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہوا، حکومت نے مئی میں 33کیٹگریز کی 860سے زائد پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی ان اشیاء پر پابندی کے بعد درآمدات میں 69فیصد کمی ہوئی ،گاڑیوں اور موبائل فون کی درآمد پر پابندی سے درآمدی بل میں 79فیصد کمی ہوئی جبکہ جبکہ باقی 21فیصد کمی 810ٹیرف لائینز پر کمی سے ہوئی ، جس پر ای سی سی نے دوماہ بعد گاڑیوں ، موبائل فون اور گھریلو اشیاء کے علاوہ دیگر اشیاء پر پابندی ہٹا دی ہے، ای سی سی نے25جولائی کو سب سے کم بولی کے دیئے گئے ٹینڈر کی منظوری دی یہ ٹینڈر 407ڈالر فی ٹن کے حساب سے دیا گیا تھا، ای سی سی نے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر ہونے والے سانحہ میں چینیوں کی ہونیوالی ہلاکتوں پر ایک کروڑ 16لاکھ ڈالر معاوضے کی رقم چینی کمپنی چائنا گیزوبا گروپ انٹرنیشنل انجینئرنگ کمپنی کو وزارت خارجہ کے ذریعے دینے کی منظوری دی ، ای سی سی معاوضے کی اس رقم کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے جو ہلاک ہونیوالے چینیوں کے لواحقین کو دی جائے گی ، ای سی سی نے وزارت پیٹرولیم ، صنعت وپیداوار اور قومی تحفظ خوراک کو ہدایت کی کہ کھاد کے پلانٹس کیلئے گیس کی قیمت کے تعین پر کام کیا جائے اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمپنی کی جانب سے گیس کی اصل قیمت کی ادائیگی پر سیلز ٹیکس لاگو کیاجائے ، ای سی سی نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر ڈیلرز کیلئے پیٹرول اورہائی سپیڈ ڈیزل پر 7روپے فی لٹر مارجن کرنے کی منظوری دے دی ، مارجن میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن نے پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ ڈیلر کا مارجن دسمبر 2021میں فکس کیا گیاتھا۔