اربوں روپے کی عدم ادائیگیاں، تیل سپلائی معطل ہونے کا خدشہ

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (خبرایجنسی) پی ایس او کے اداروں پر واجبات 605ارب 65کروڑکی بلند سطح پر پہنچ گئے۔میڈیارپورٹس میں دستاویز کے حوالے سے بتایا گیاہےکہ عدم ادائیگیوں سے تیل کی سپلائی چین معطل ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ڈومیسٹک سیکٹر کوایل این جی فراہمی کے بقایاجات 344ارب67سے زائد ہیں۔پاورسیکٹر 183ارب 31کروڑ سے زائد واجبات کیساتھ نادہندگان میں سرفہرست ہیں۔ سرکاری بجلی گھر سی پی پی اے 149ارب سے زائد کے نادہندہ ہیں۔ مختلف حکومتی ادارے77ارب 66کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں۔پی ایس او کو مقامی و بین الاقوامی آئل ریفائنریز کو ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ایس او نے ایل سیز مد میں کویت پٹرولیم کو 408ارب روپے سے زائد ادا کرنے ہیں۔ پی ایس او نے ریفائنریوں کو 54ارب روپے سے زائد ادا کرنے ہیں۔پی ایس او نے فوری طور پر 462ارب 90کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کرنی ہیں اور ادائیگیاں نہ ہونے سے پی ایس او ایل سیز کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔