حلیم عادل توپ چیز نہیں ،عمران خود آئیں اور انکوائری کریں، شرجیل میمن

29 جولائی ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت نے گرفتار نہیں کیا ،پیپلز پارٹی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کوسندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ پی ٹی آئی والے تاثر دینا چاہتے کہ یہ کوئی بڑی توپ چیز ہے، یہ تا ثر بالکل غلط ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ اینٹی کرپشن بااختیار ادارہ ہے ، حلیم عادل شیخ کو زمینوں پر قبضہ کر نے پر اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کو آفر دیتے ہیں کہ سرکاری زمینیں اور عام لوگوں کے پیسے واپس کریں ، اینٹی کرپشن انہیں رہا کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کیسز کی عمران خان خود آکر انکوائری کریں یا کوئی تھرڈ پارٹی تحقیقات کرے آیا حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمات درست ہیں یا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ آئیں ، لیکن سندھ کو فتح کرنے کی بیانات ہوائی ہیں۔ عمران خان سندھ میں اپنے بلدیاتی امیدوار تو پورے کرلیں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی اپنے ہوش و حواس سے مٹا دے کہ سندھ کے لوگ ان کو اپنا مینڈیٹ دیں گے۔ سندھ کی عوام باشعور ہے ، اس تعصبی شخص کو کبھی بھی ووٹ نہیں دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کی کرپشن کے پیسے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں جاتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں کووڈ ہوا ہے ، وہ ویکسینٹڈ ہیں ، ان کی صحت بہتر ہے۔ صدر آصف علی زرداری کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں وہ جلد صحتیاب ہوکر پاکستان آئیں گے اور جب پاکستان پہنچیں گے تو عمران خان کی نیندیں حرام ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لیڈر سب سے بڑا چور ہے ، جس نے دوست ممالک سے ملنے والے تحائف اور گھڑیاں بیچ دیں۔ یہ شخص ابھی بھی لاڈلہ بنا ہوا ہے اور پی ٹی آئی کو لاڈلی پارٹی ڈکلیئر کیا گیا ہے۔ اس ملک میں قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک سے دہرے معیار کا خاتمہ اور انصاف سب کے لیے برابر نہیں ہوتا ، پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتیں اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔