بچوں کیلئے ویکسین کا امریکی عطیہ

اداریہ
29 جولائی ، 2022

یکم جولائی 2022 کووفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اعلان کیا تھا کہ حکومت 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین ایک یا دو مہینے میں لگائے گی،اس دوران پاکستان میں کورونا کے کیسز میں یکدم اضافہ ہوگیا تھا ، اُس وقت پاکستان کی ویکسین کی خوراکیں حاصل کر نےکیلئے امریکہ سے بات چیت بھی جاری تھی ۔ یوں کوویکسین کی شراکت سے امریکہ سے پاکستان کو بچوں کیلئے کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 60 لاکھ خوراکیں معاہدے کے تحت بھیجنے کے بعد امریکہ سے پاکستان کو موصول ہونے والی خوراکوں کی مجموعی تعداد 7کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ کورونا ویکسین کے نئے عطیات کا اعلان اس وقت کیا گیا جب واشنگٹن میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کے حوالے سے بات چیت کا اختتام ہوا، پاکستان میں ویکسی نیشن کی کوششوں کی حمایت کیلئے 'یو ایس ایڈنے اضافی طور پر 2کروڑ ڈالر دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ امریکہ کی طرف سے کورونا اور دیگر بیماریوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی صلاحیت اور انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مدد کے لئے حکومتی نقطہ نظر سے تعاون جاری رہے گا۔یاد رہے کہ جس وقت کورونا کی وبا نے دنیا میں قہر مچا رکھا تھا اور ویکسی نیشن کےباوجود اس کی حشر سامانیوں میں کمی نہیں آرہی تھی تب عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خبردار کیا تھا کہ اب ہمیں ایسی وبائوں کے ساتھ ہی جینا ہو گااور اس کا ثبوت کورونا وائرس ہے جو ہنوز دنیا سے ختم نہیں ہوا بلکہ اپنی جُون بدل بدل کر حملہ آور ہو رہا ہے۔ بچوں کی ویکسی نیشن ایک احسن اقدام ہے۔امریکہ کی طرف سے پاکستان کو ویکسین کی خوراکوں کی ایک بڑی کھیپ ملنا دونوں ممالک کے تعلقات کے معمول پر آنے کا خوش آئنداشارہ بھی ہے ۔تاہم ہمیں احتیاط کو خود پر لازم کرنا ہو گا کہ کورونا کیسز حالیہ دنوں میں پھر سے بڑھے ہیں۔