FAC، بجلی قیمت میں 9.89 روپے یونٹ اضافہ، کراچی کیلئے 11.37 روپے

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کے مختلف علاقوں کے صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کاسٹ (FAC)کی مد میں بجلی قیمت میں 9.89روپے یونٹ اضافہ کردی ہےجبکہ یہ کراچی کیلئے یہ اضافہ 11.37روپے ہوگا،اطلاق لائف لائن شہریوں کے سوا تمام شہریوں پر ہوگا،کراچی کے صارفین سے جون کا ایف اے سی1.85فیصد زیادہ لیا جائیگا،جون کے بڑھائے گئے نرخ اگست میں وصول کئے جائینگے،نیپراکے فیصلے سے صارفین پر 133ارب روپے اضافی بوجھ پڑیگا،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے9.90روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔دوران سماعت چیئرمین نیپرا نے پوچھا کہ اگر بجلی کی پیداوار کیلئے ایل این جی نہ خریدی گئی تو کیا ملک میں لوڈشیڈنگ ہوگی اور حکومت کیا حکمت عملی اپنائے گی، جس پر سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ بجلی کی پیداوار کیلئے کوئلے کی فراہمی میں بہتری آئی ہے جبکہ گرڈ کو مستحکم رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔نیپرا حکام نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔ نیپرا میں کے الیکٹرک کی جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد اگست کیلئے کراچی صارفین سے بجلی کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کرنے کی منظوری دی جس سے کے الیکٹرک صارفین پر 22 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نیپرا کی منظوری کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔