عمران ،پرویز الہٰی ،مونس کی ویڈیو لنک ملاقات،پنجاب معطل فلاحی پروگرام فوری شروع کرنیکا فیصلہ

29 جولائی ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ویڈیو لنک ملاقات کی ۔ سیاسی و انتظامی امور اور عوام کے فلاح وبہبود کے پروگرامز پر تبادلہ خیال، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے مسائل کے فوری حل کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔عمران خان نے پنجاب میں احساس پروگرام، صحت انصاف کارڈ اور دیگر فلاحی پروگرام فی الفور شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سابق پنجاب حکومت نے ہمارے فلاحی پروگراموں کو نظر انداز کیا۔انہوںنے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بلاتاخیرفلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں احساس پروگرام،صحت انصاف کارڈاوردیگر فلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ در یں اثناءچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ز یر صدارت ویڈیولنک اجلاس منعقد ہوا۔ عمران خا ن نے پنجاب میں ”احساس راشن پروگرام “شروع کرنے کی منظوری دی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کوکم سے کم وقت میں شروع کرینگے ، احساس راشن پروگرام کے اجراءکےلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ذمہ داری دی گئی۔ پرویزالٰہی سے سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اورسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں گجوجی پل کے نزدیک اور تہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ دریں اثناء پنجاب میں چوہدری پرویز الہی کی حکومت نے حمزہ شہباز شریف کے دور میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری 35 ارب روپے کے فنڈز واپس لے لئے۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 فیصد بجٹ جاری کیا تھا، محکمے کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار یکمشت چند روز قبل 35 ارب روپے جاری کئے تھے۔