ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد منظور، اسپیکر کا انتخاب آج

29 جولائی ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ،نمائندہ خصوصی )پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد اور نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے پیش کی گئی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، تحریک انصاف اور (ق) لیگ کی جانب سے سبطین خان ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی طرف سے سیف الملوک کھوکھر کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری اسمبلی کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دئیے دونوں کے کاغذات درست قرار پائے ہیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2 گھنٹے 8 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین وسیم خان بادوزئی کی صدارت میں شروع ہوااجلاس میں رولز کی معطلی کے بعد ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور سپیکر کے انتخاب کے لئے قرارداد پیش کی گئی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیاقرارداد راجہ بشارت نے پیش کی۔امیدوار سبطین خان کامیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون اب کوئی اپ سیٹ نہیں کر سکتی ، پہلے نون لیگ جو لیٹر لائی تھی اسکی حالت تو دیکھ لی ، میں پر امید ہوں کہ الیکشن جیت جاؤں گا۔