ممنوع فنڈنگ ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے،احسن اقبال

29 جولائی ، 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو سری لنکا بننے سے بچانے کیلئے سخت فیصلے کئے، ممنوعہ فنڈنگ کیس ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، ملک دشمن لابیوں سے ملنے والی ممنوعہ فنڈنگ سے انتشار پیدا کیا جارہا ہے۔ ماہر قانون ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کا مطالبہ سیاسی کھیل لگ رہا ہے، ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سینئر ترین 9ججوں پر مشتمل لارجر بنچ بنایا جاسکتا تھا۔ صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار شعیب شاہین نے کہا کہ وزیراعظم کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کا مطالبہ درست ہے، بہتر ہوگا کہ پی ٹی آئی،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فارن فنڈنگ کیسوں کا فیصلہ ایک ساتھ آئے۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ الیکشن کمیشن میں ہے جب وہ چاہیں گے فیصلہ سنا دیں گے، ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فیصلہ درست پراسس سے کیا گیا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے ، احسن اقبال نے کہا نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا یہاں ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی ہے مگر فیصلہ نہیں آرہا ، عدلیہ کے بارے میں جانبداری کا تاثر پیدا ہونا بہت بڑا حادثہ ہے ، بیرسٹر گوہر خان نے کہا توقع ہے الیکشن کمیشن کا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا، ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فیصلہ بالکل درست طریقہ کار سے کیا گیا ، آخری دفعہ فل کورٹ 2015ء میں آئینی ترامیم کے معاملہ پر بنایا گیا تھا۔ ججوں کی تقرری کیلئے سینیارٹی کا معاملہ حل طلب ہے، ملک میں کرپشن کیخلاف مضبوط ادارے کے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی، کرپشن کیخلاف بننے والے ادارے پر بھی نظررکھنی چاہئے۔