حکومت میں آنیکا مخالف تھا، لاڈلے کا 4سالہ گند ہم پر ڈال دیاگیا،نوازشریف

29 جولائی ، 2022

اسلا م آباد(خبرایجنسی )مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صرف ملک بچانے کے لیے حکومت میں آنا قبول کیا، میں پہلے دن سے ہی حکومت میں آنیکا مخالف تھا، لاڈلے کا 4 سالہ گند ہم پرڈال دیاگیا،حکومت میں رہنا مزید مسائل کا عندیہ دے رہا ہے۔اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاڈلے کا 4 سال کا گند ہم پر ڈال دیا گیا، صرف ملک بچانے کے لیے حکومت میں آنا قبول کیا، میں پہلے دن سے ہی حکومت میں آنیکا مخالف تھا۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ نواز شریف نے پارٹی قیادت سے مرکز میں حکومت چھوڑنے کے آپشن پر بات چیت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کی پارٹی قیادت سے قبل ازوقت انتخابات کے آپشن پربھی بات چیت ہوئی،نواز شریف پی ڈی ایم رہنمائوں اور شہباز شریف سے کئی بار قبل از وقت انتخابات اور حکومت چھوڑنے کے آپشن پر بات کرچکے ہیں تاہم آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے حکومت چھوڑنے کی مخالفت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت میں رہنا مزید مسائل کا عندیہ دے رہا ہے۔