سپریم کورٹ،سنیارٹی کے برعکس تعیناتیاں مسترد ، صوبائی بار کونسلز کا خیر مقدم

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان بین الصوبائی بار کونسلز نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں سپریم کورٹ میں سنیارٹی کے برعکس تعیناتیوں کو مسترد کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جن اراکین نے اصولی موقف اختیار کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،منصوبے کے تحت سپریم کورٹ میں من پسند لوگوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد بار کونسل کے عادل عزیز قاضی ، خیبر پختونخوا بار کونسل کے احمد فاروق خٹک ، بلوچستان بار کونسل کے راحب خان بلیدی ، سندھ بار کونسل کے ذوالفقار جلبانی ، پنجاب بار کونسل کے سید جعفر طیار نے اپنے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سپریم کورٹ میں من پسند لوگوں کو تعینات کیا جارہا ہے جس سے وہ من پسند فیصلہ لینا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ فیڈرل کورٹ ہے جس میں ہر صوبے سے متناسب نمائندگی ہونی چاہئے۔