آگ سے نہ کھیلیں، جل جائیں گے، چینی صدر شی کا بائیڈن کوانتباہ

29 جولائی ، 2022

واشنگٹن(اے ایف پی) چینی صدر شی نے امریکی ہم منصب بائیڈن کو انتباہ کرتے ہوئے کہاہےکہ آگ سے نہ کھیلیں، جل جائینگے جس پر بائیڈن نے کہاکہ تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی یکطرفہ کوششوں کی سختی سے مخالفت کرینگے،دونوں رہنمائوں کی فون پر 2گھنٹے تک بات چیت ہوئی جس میں بی المشافہ ملاقات اور وقت کے تعین پر اتفاق کیا گیا۔غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی ہم منصب شی جن پنگ نے جمعرات کو ایک فون کال میں اس بات پر اتفاق کیا کہبائیڈن کے عہدہ سنبھالنے کے بعددونوں رہنمائوں کی پہلی ملاقات کیسی ہوگی ۔ غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق ایک امریکی اہلکار نے صحافیوں کونام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ انہوں نے بی المشافہ ملاقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اپنی ممالک کی ٹیمیں باہمی طور پر متفقہ وقت تلاش کرنے کے لیے فالو اپ کرینگی۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق فون پر 2 گھنٹے تک ہونے والی بات چیت کےدوران صدر شی نے امریکی ہم منصب کو متنبہ کیا کہ وہ تائیوان پر’’آگ سے نہ کھیلیں،جو لوگ آگ سے کھیلتے ہیں وہ آخر کار جل جاتے ہیں،‘‘دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے کہاکہ تائیوان کے بارے میں امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وائٹ ہائو س کے مطابق بائیڈن نے کہاکہ امریکا اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنے یا آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی یکطرفہ کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتا رہے گا۔