سٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار، انڈیکس 304 پوائنٹ بڑھ گیا

29 جولائی ، 2022

لاہور(سودی )گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔ دو سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا، پھر اس تیزی میں شدت آتی گئی اور ایک موقع پر انڈیکس 656پوائنٹ تک بڑھ گیا مگر آخر میں یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ مارکیٹ میں تیزی کی وجہ حکومت اور اپوزیشن میں ملکی معاشی معاملات پر میٹنگ کرنے پر اتفاق کی آنے والی خبریں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کی طرف سے پاکستان کے ڈیفالٹ نہ ہونے کی رپورٹ اور بینکوں کی طرف سے بھاری خریداری آنا تھی۔ اس کے برعکس مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی میں کمی کا باعث بننے والے عناصر میں بعض کمپنیوں کی طرف سے حکومتی عائد کردہ سپر ٹیکس کے باعث مالیاتی نتائج توقع سے بہت کم آنا، شیئر ہولڈرز کیلئے منافع کا اعلان نہ کرنا، تیل کی قیمتوں میں حکومتی لیوی کے عائد ہونے کے بعد اضافہ کا امکان، سیمنٹ کی سیل میں کمی کے اعداد و شمار آنا اور روپے کی قدر مزید کم ہونا شامل تھے۔ گزشتہ روز بینکوں، کمپنیوں اور بیرونی فنڈز کی طرف سے نیٹ خریداری آئی جبکہ بروکروں، میوچل فنڈز، نجی سرمایہ کاروں اور انشورنس کمپنیوں کی نیٹ سیل تھی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 304پوائنٹ کے اضافہ سے 40277پر آ گیا۔ 215کمپنیوں میں اضافہ، 104میں کمی، 25میں استحکام رہا۔ 25کروڑ 12لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔