ایدھی بحری خدمات، ندی، نالوں سے 13 افراد کی لاشیں، ایک شخص کو بحفاظت نکال لیا

29 جولائی ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایدھی بحری خدمات کے رضاکاروں نے21جولائی سے 28 تک ندی ،نالوں سے 13افراد کی لاشیں ،ایک شخص کو بحفاظت نکالا، تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز باغ کورنگی پل کے نیچےندی سے کئی روز پرانی نامعلوم شخص کی لاش نکال کر جناح اسپتال منتقل کی،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی عمر30 سے 35 برس ہے، 25جولائی کی رات ساڑھے8بجے تیز بارشوں کے دوران آفس جاتے ہوئے لاپتا ہونے والے بلدیہ رئیس گوٹھ کے رہائشی کے الیکٹرک کے لائن مین 35 سالہ مشتاق احمد کی لاش ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے مسلسل کوششوں کے بعد حب ندی سے نکا ل لی، جبکہ منگھو پیر ناردرن بائی پاس چائے کے ہوٹل کے قریب سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے ایک شخص کو ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو کرکے بحفاظت محفوظ مقام منتقل کردیا، ترجمان ایدھی کے اعلامیے کے مطابق 21 جولائی کو حب ندی رئیس گوٹھ سےایک خاتون، اور ایک بچے کی لاش نکالی ، شاہ فیصل کالونی 5 نمبر ندی سے 12 سالہ بچے، حب ساکھران ندی سے 35سالہ مرد ، سہراب گوٹھ شفیق کالونی ندی سے 26سالہ نوجوان ی، کلفٹن نجی اسپتال کے قریب نالے سے ایک نوجوان، سرجانی 51بی سے 6سالہ بچے ، سخی حسن چورنگی قلندریہ پارک کے نالے سے 30سالہ مرد ، ملیر سالار گوٹھ ندی سے 25سالہ نوجوان، حب ندی سے ایک مرد ، گلستان جوہر دبئی ہائوس کے قریب نالے سے 40 سالہ شخص کی لاشیں نکالیں ۔