حلیم عادل شیخ کیخلاف مقدمہ ختم،رہاکرنے کا حکم

29 جولائی ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )صوبائی اینٹی کرپشن کی عدالت نے مقدمہ زیر دفعہ 63کے تحت ختم کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، اور ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوتا اس پراپرٹی سے ان کا کوئی تعلق ہے اس لئے مقدمہ خارج کیا جاتا ہے، جمعرات کو صوبائی اینٹی کرپشن کی عدالت کے روبرو 1991میں دیہہ کھرکیرو میں زمینوں کی جعلی انٹریاں اور جعلسازی سے متعلق مقدمے میں گرفتاراپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ حلیم عادل شیخ نے ریونیو حکام کے ساتھ مل کر زمینوں کی جعلی انٹریاں کروائیں، ملزمان نے 1991میں فرنٹ مین قصر حسین کے نام زمینوں کی جعلی انٹریاں کیں، ملزمان نے اراضی پولٹری فارمنگ کیلئے 30سالہ لیز پر لی تھی، حلیم عادل شیخ نے جعل سازی سے زمین اپنے نام کروائی، عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے ملزمان ہیں، تفتیشی افسر نے کہا کہ ایک ہی ملزم ہے، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کو نوٹس جاری کیے گیے تھے مگر پیش نہیں ہوئے، ہمیں ریمانڈ دیا جائے۔