ق لیگ: شجاعت پارٹی صدارت، طارق چیمہ سیکرٹری جنرل کے عہدے سے فارغ

29 جولائی ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ق نے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت جبکہ طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹادیا ہے ،مرکزی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا ہنگامی اجلا س کمیٹی کے 40ممبران کی درخواست پر مسلم لیگ ہاؤس پنجاب لاہور میں سینئر رہنما سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا ، ممبران کی متفقہ منظوری کے بعد مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین اور مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی فی الفور ان کے عہدوں سے فارغ کردیا گیا اور خالی نشستوں پر10یوم کے اندر انتخابات کروانے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ،اجلا س میں قرارداد پیش کی گئی کہ سالک اور چیمہ سازشی،خط سے ثابت ہوگیا مسلسل بیمارشجاعت کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں،پارٹی کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سینئر ایڈووکیٹ جہانگیر اے جھوجھا ہونگے جبکہ دیگر ممبران میں امتیاز رانجھا،خدیجہ عمر فاروقی،اشتیاق گوہر ایڈووکیٹ، چوہدری عبدالرزاق کمبوہ ایڈووکیٹ مقررکیے گئے ہیں ۔دونوں عہدوں پر انتخابات تک مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل کے اختیارات مرکزی چیئرمین الیکشن کمیشن جہانگیر اے جھوجھا ایڈوکیٹ کے سپر د کردیئے گئے ۔ کمیٹی کی طرف سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پر ہونے والے انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار سبطین خان کی حمایت کا اعلان بھی کردیا گیا اور تمام اراکین کو انہیں ووٹ دینے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ۔تنویر اعظم چیمہ ایڈووکیٹ نے قرار داد پیش کی جس میں کہاگیا کہ اجلاس چوہدری شجاعت کی طویل عرصے سے خرابی صحت کی وجہ سے فیصلوں کی استعداد ختم ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے ۔ انھوں نے طارق بشیر چیمہ اور ا پنے بیٹے چوہدری سالک حسین کی سازش کا شکا ر ہوکر ایک خط کے ذریعے اپنی پارٹی کے ممبران صوبائی اسمبلی کو مخالف امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی ہدایت جاری کردی ۔جس کا اختیار آئین پاکستان کے تحت ان کو حاصل نہ تھا۔جس سے پارٹی کی بہت بدنامی ہوئی اور پارٹی کو نقصان پہنچا ۔ اس فیصلہ سے چوہدری شجاعت کی مسلسل بیماری کی وجہ سے ذہنی حالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اس ذہنی کیفیت میں پارٹی کی صدارت کرنے کی صلاحیت کھوچکے ہیں ۔