حلیم عادل توپ چیز نہیں، عمران خود آئیں اور انکوائری کریں، شرجیل میمن

29 جولائی ، 2022

اکراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت نے گرفتار نہیں کیا ،پیپلز پارٹی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کوسندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ پی ٹی آئی والے تاثر دینا چاہتے کہ یہ کوئی بڑی توپ چیز ہے، یہ تا ثر بالکل غلط ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ اینٹی کرپشن بااختیار ادارہ ہے ، حلیم عادل شیخ کو زمینوں پر قبضہ کر نے پر اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کو آفر دیتے ہیں کہ سرکاری زمینیں اور عام لوگوں کے پیسے واپس کریں ، اینٹی کرپشن انہیں رہا کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کیسز کی عمران خان خود آکر انکوائری کریں یا کوئی تھرڈ پارٹی تحقیقات کرے آیا حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمات درست ہیں یا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ آئیں ، لیکن سندھ کو فتح کرنے کی بیانات ہوائی ہیں۔