رنگا رنگ تقریب میں کامن ویلتھ گیمز کا آغاز

29 جولائی ، 2022

بر منگھم( نصر اقبال، نمائندہ خصوصی) 22 ویں کامن ویلتھ گیمز جمعرات کو رنگا رنگ اور دلفریب تقریب میں شروع ہوئے،جس کا افتتاح شہزادہ چارلس نے کیا، افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے کے پر چم کو معروف ریسلر انعام بٹ اور پاکستانی خواتین کر کٹ ٹیم کپتان بسمہ معروف نے تھاما، گیمز میں شریک کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا، افتتاحی تقریب میں معروف فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، برطانیہ کی ثقافت پیش کی گئی جس میں آزادی کے بعد سے ملک میں استعمال ہونے والی پرانی گاڑیوں سے لے کر جدید ترین گاڑیوں نے گرائونڈ میں چکر لگایا، پرانے دور کی ایک گاڑی بھی میدان میں پیش کی گئی جو ہاتھی کی مدد سے چل رہی تھی،کھلاڑیوں نے حلف اٹھایا،بچوں نے اور فن کاروں نے رقص پیش کئے، برطانیہ کو تاریخ کو پیش کرتے ہوئے اخبارات کی طباعت کے مناظر بھی دکھائے گئے،اسموقع پر طاب کرتے ہوئے شہزادہ چارلس نے کہا کہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی برطانیہ میں آمد ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے،ہمیں اپنی میزبانی پر فخر ہے، انہوں نے ملکہ برطانیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا،افتتاحی تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا دلکش مظاہرہ کیا،دریں اثناءکامن ویلتھ گیمز میں جمعے کو پاکستان کے کھلاڑی 6 مختلف کھیلوں بیڈمنٹن، باکسنگ،کرکٹ،جمناسٹک، اسکواش اور سوئمنگ کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔