یورپ میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے شراب بنانے والے ادارے پریشان، انگور کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ

29 جولائی ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپ بھر میں شراب ساز کمپنیاں شدید پریشان ہیں کیونکہ ریکارڈ گرمی، ہیٹ ویو کا مسلسل آنا اور جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے انگور کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، پرتگال اور اسپین میں رواں ماہ درجہ حرارت 47؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کے باعث بیلوں میں لگنے والے انگوروں کی پیداوار 25؍ فیصد تک کم ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اس بات کی اطلاعات نہیں ہیں کہ کسی علاقے میں انگور کی فصلیں جل گئی ہیں لیکن جنگلات کی آگ سے اٹھنے والا دھواں بھی انگور کی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور ان میں راکھ کا ذائقہ آنے کی وجہ سے شراب کا ٹیسٹ خراب ہو جاتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے بیلوں میں پھل نہیں لگتا جبکہ بیلوں کی نمی بھی ختم ہو جاتی ہے نتیجتاً فصل برباد ہو جاتی ہے۔ پرتگال میں وائن میکرز ایسوسی ایشن کے مطابق، خشک سالی اور انتہائی گرم درجہ حرارت آئندہ سال پیدوار میں نمایاں کمی کا سبب بنے گا۔ یاد رہے کہ انگور کی فصلیں (بیلیں) یورپ کے ٹھنڈے علاقوں میں لگتی ہیں جن میں فرانس اور جرمنی بھی شامل ہیں تاہم جیسے جیسے یورپ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ان علاقوں میں انگور کی پیداوار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے یورپ میں گندم اور مکئی کی فصلوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عالمی فوڈ سیکورٹی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ یورپ میں فرانس کو گندم کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک سمجھا جاتا ہے اور اب اس نے بتایا ہے کہ اس کی گندم کی پیدوار میں پانچ فیصد کمی کا امکان ہے۔