ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد منظور، اسپیکر کا انتخاب آج

29 جولائی ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ )پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد اور نئے ا سپیکر کے انتخاب کیلئے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، قرارداد رولز معطل کر کے پیش کی گئی، اسپیکر کیلئے سبطین خان حکومتی امیدوار، اپوزیشن کی طرف سے سیف الملوک کھوکھر کے کاغذات جمع کردئے گئے، تحریک انصاف اور (ق) لیگ کی جانب سے سبطین خان ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی طرف سے سیف الملوک کھوکھر کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری اسمبلی کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دئیے دونوں کے کاغذات درست قرار پائے ہیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 8منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین وسیم خان بادوزئی کی صدارت میں شروع ہوااجلاس میں رولز کی معطلی کے بعد ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور سپیکر کے انتخاب کیلئے قرارداد پیش کی گئی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیاقرارداد راجہ بشارت نے پیش کی متن میں کہا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلی منتخب ہونے پر سپیکر کا عہدہ خالی ہوگیا ہے اسلئے یہ ایوان رولز آف پروسیجر کے قاعدہ 11(1) اور 12(3) کو معطل کر کے سپیکر کا انتخاب چاہتا ہے۔