پاکستان کے ذمہ آئی ایم ایف کا قرض سات ارب 29 کروڑ ڈالر ہے، قومی اسمبلی وقفہ سوالات

29 جولائی ، 2022

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ 31مئی2022تک پا کستان کا کل بیرونی قرضہ 126.07بلین ڈالر تھا۔ اس میں سے 85.64بلین ڈالر سر کاری بیرونی قرضہ تھا۔ باقی قرضہ نجی شعبہ یا بنک یا سر کاری شعبہ کے کارو باری اداروں کے ذمہ ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران شیخ فیاض الدین کے سوال کے جواب میں بتائی ۔ ان کا کہناتھاکہ پاکستان کے ذمہ آئی ایم ایف کا قرضہ سات ارب 29 کروڑ ڈالر ہے۔نجی شعبے کے ذمہ غیر ملکی قرضہ 11 ارب 58 کروڑ ڈالر ہے۔پاکستان کو 2022سے 2059تک سود اور اصل رقم کی مد میں 95ارب چالیس کروڑ ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔ان میں 82ارب ڈالر اصل رقم اور باقی سود کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ مو لا نا عبد الاکبر چترالی کے سوال پرانہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے حاصل مقامی قرضوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2019سے اپریل 2022تک 12 ہزار 345ارب روپے کے مقامی قرضے حاصل کیے گئے۔ اس دوران6ہزار113ارب روپے کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز جاری کیے گئے۔