ڈاکٹر خالد عراقی جامعہ کراچی کے دوبارہ وائس چانسلر مقرر

29 جولائی ، 2022

کراچی(سید محمد عسکری) پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی ایک مرتبہ پھر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر ہوگئے، تاہم اس مرتبہ وہ مستقل وائس چانسلر اور چار سال کے لیے مقرر ہوئے ہیں اور جمعرات ان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وہ جمعہ کی صبح10 بجے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔خالد عراقی کو تلاش کمیٹی نے 64.2 نمبر دے کر پہلی ، ڈاکٹر جمیل کاظمی کو 49 نمبر دے کر تیسری اور ڈاکٹر مونس احمر کو 45 نمبر دے کر تیسرے نمبر پر رکھا تھا اور ، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تینوں امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے اور خالد عراقی کے نام کی منظوری دیدی تھی وزیر اعلی سندھ نے یہ فیصلہ میرٹ پر ان کی قابلیت اور تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا تھا تاہم ایک مشیر اور ایک وزیر کو اعتراض تھا جس کی وجہ ان کی فائل ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک رکی رہی ۔ سرکاری اور عوامی حلقوں میں کافی دنوں سے اس بات کا انتظار کیا جارہا تھا کہ وزیر اعلی کس کے حق میں فیصلہ کرتے ہیں غالب امکان یہی تھا کہ خالد محمود عراقی ایک مرتبہ پھر وائس چانسلر بن جائیں گے کیونکہ ایک تو انھیں تلاش کمیٹی نے نمبر ون رکھا تھا اور دوسرے وہ مضبوط ترین امیدوار تھے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر خالد عراقی ڈاکٹر اجمل کے انتقال ہونے کے باعث پہلے قائم مقام وائس چانسلر مقرر ہوئے اور تقریباً پونے تین سال تک وی سی رہے لیکن سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انھیں ہٹا کر سینارٹی کی بنیاد پر ڈاکٹر ناصرہ خاتون کو قائم مقام وی سی مقرر کردیا گیا جس کے بعد بعد بد انتظامی کا دور شروع ہوا۔جامعہ کراچی میں بدترین واقعہ ہوا، چینی اساتذہ کو جامعہ کراچی کے اندر خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا، خلاف ضابطہ ملازمین کو ترقیاں دی گیں، میرٹ کے خلاف تعیناتیاں کی گئی تاہم سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کوئی ایکشن ہی نہیں لیتے تھے کیوں کہ وہ قائم مقام خاتون وی سی کےشعبہ میں طالبعلم رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق مرید راحموں کے احکامات پر بینظیر چیئر کے ڈائریکٹر کے عہدے پر ابراہیم شیخ نامی ایک ایسی شخصیت کا تقرر کیا گیا جس کا تعلق ایک سیاسی ہاؤس سے تھا اور وہ لیکچرار کا بھی اہل نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق تلاش کمیٹی کے دو اراکین مرید راحموں اور سیکریٹری خالد حیدر شاہ چاہتے تھے کہ جامعہ کراچی کی وی سی کے اشتہار منسوخ کرکےازسر نو اشتہار دیا جائے تاکہ خاتون وائس چانسلر بھی امیدوار بن سکیں تاہم باقی اراکین کے اس موقف کے بعد کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے ہم اسے منسوخ نہیں کرسکتے جس کے بعد سرچ کمیٹی کا اجلاس ہوا تاہم ان دو اراکین نے ڈاکٹر عراقی کو کم نمبر دیئے تھے تاہم اس کے باوجود وہ پہلے نمبر پر آگئے اور وزیر اعلی نے تینوں امیدواروں سے انٹرویو کرکے تلاش کمیٹی کے پہلے نمبر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن اور دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے پروفیسر خالد محمود عراقی کو 4 سال کیلئے جامعہ کراچی کا وائس چانسلر منتخب ہونے پرم بارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی زیر قیادت جامعہ کراچی میں تحقیقی و ترقیاتی کام میں تیزی آئے گی۔