امریکا، سابق ریپبلکن اور ڈیموکریٹ سیاسی ارکان کی نئی سیاسی جماعت قائم

29 جولائی ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ریپبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹی کے سابق ارکان نے ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا ا ظہار کرتے ہوئے امریکا میں ایک نئی اعتدال پسند سیاسی جماعت قائم کی ہے جسے ’’فارورڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ان سیاسی شخصیات کا کہنا ہے کہ ہم امریکی عوام کی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے ایک نیا قدم اٹھا رہے ہیں، عوام ملک کے غیر فعال سیاسی نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیموکریٹ پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار اینڈریو یانگ اور نیو جرسی کے سابق ریپلکن گورنر ٹوڈ وٹمن پارٹی کے شریک چیئرمین ہیں۔ اگرچہ اینڈریو یانگ نے فارورڈ پارٹی اکتوبر 2021ء میں ہی قائم کر لی تھی لیکن اب یہ جماعت دو دیگر تنظیموں، سابق ریپبلکن سیاستدانوں پر مشتمل دی ری نیو امریکا موومنٹ اور دو فریقی گروپ سرو امریکا موومنٹ، کے ساتھ ابھر کر سامنے آئی ہے۔